ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی میں پارٹ ٹائم جاب کے نام پر بڑھتے ہوئے آن لائن دھوکہ دہی کے معاملات

اُڈپی میں پارٹ ٹائم جاب کے نام پر بڑھتے ہوئے آن لائن دھوکہ دہی کے معاملات

Sun, 28 Jan 2024 12:31:26    S.O. News Service

اُڈپی 28/ جنوری (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں آن لائن جاب فراہم کرنے کے نام پر بچھائے گئے دھوکہ ہی کے جال میں پھنسنے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔

    جنوری کے اسی مہینے میں جن لوگوں نے آن لائن پارٹ ٹائم جاب کے چکر میں اپنی رقم لوٹے جانے کی شکایتیں درج کی ہیں اس کی تفصیلات کے مطابق یکم جنوری 2.5 لاکھ روپے ، 2 جنوری 3 لاکھ روپے ، 4 جنوری 18 لاکھ روپے، 12 جنوری 62 لاکھ روپے، 13جنوری 1.8 ، لاکھ  روپے ، 16 جنوری 1.38 لاکھ روپے، 20 جنوری 6.16 لاکھ روپے، 23 جنوری 43 لاکھ روپے ۔  

    بتایا جاتا ہے کہ آن لائن پارٹ ٹائم جاب، ٹیلی گرام ایپ پر ٹاسک پورا کرنا، آن لائن ٹریڈنگ، غیر قانونی سامان والے پارسل جیسی باتیں کرکے سوشیل میڈیا پر فون کالس، ویڈیو کالس یا میسیجس کے ذریعے لوگوں کو پھانسا جا رہا ہے ۔ 

    اس تعلق سے کی گئی پولیس کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس قسم کی جعلسازی اور فریب دہی ریاست کے باہر سے کی جارہی ہے جس میں زیادہ تر بہار، یوپی، آندھرا اور کولکاتا وغیرہ جیسی ریاستیں شامل ہیں ۔ پولیس اور سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ حالانکہ لوگوں کو بہت بڑی تعداد میں فون کالس اور میسیجس موصول ہو رہے ہیں مگر اس دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں کی تعداد مقابلتاً کم ہے ۔ پولیس نے اس بات کی بھی ہدایت کی ہے کہ اگر کسی کے ساتھ اس قسم کا دھوکہ ہوتا ہے تو فوری طور پر اس کی شکایت درج کروانی   چاہیے ۔ 

    اڈپی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارون نے بتایا : " اگر آن لائن فریب دہی کا واقعہ پیش آنے کے ایک گھنٹے کے اندر قریب ترین پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تو مجرموں کا پتہ لگانا ممکن ہو سکتا ہے ۔ پولیس اس سلسلے میں عوام کے اندر بیداری کی پوری کوشش کرتی ہے ۔ ہر پولیس اسٹیشن میں دو سائبر ماہرین موجود ہیں ۔ ان دھوکہ بازوں کا پتہ لگانے میں کچھ تیکنیکی مسائل درپیش ہیں ، پھر بھی پولیس مختلف دوسرے طریقوں کے سہارے دھوکہ بازوں کا پتہ لگانے کی پوری کوشش کرتی ہے ۔ 
 


Share: